ہندوستان میں کئی ایوارڈز اپنے نام کروانے کے بعد اداکار عرفان خان اور اداکارہ صبا قمر کی فلم ’ہندی میڈیم‘ چین میں بھی ریلیز کردی گئی۔ جس کے بعد اس فلم نے اپنی ریلیز کے ساتھ ہی چین کے باکس آفس پر دھوم مچادی ہے۔
خیال رہے کہ چین میں ’دنگل‘، ؔسیکرٹ سپر اسٹار‘ اور ’بجرنگی بھائی جان جیسی بڑی فلموں کو بھی ریلیز کیا گیا تھا، جبکہ ہندی میڈیم کو ان فلموں کے مقابلے کم اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا جارہا ہے، اس کے باوجود فلم بہت جلد ایک میلن ڈالر سے زائد کا بزنس کر لے گی۔
اس بات کا اعلان بولی وڈ تجزیہ کار رمیش بلا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی کیا۔
واضح رہے کہ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی کہانی ایسے والدین پر مبنی تھی جو اپنی بیٹی کو بہترین اسکول میں داخلہ دلانے کی خاطر ہر کوشش کرتے ہیں۔
ساکت چوہدری کی ہدایات میں بننے والی فلم کی تعریف صرف مداحوں نے ہی نہیں بلکہ بولی وڈ شخصیات نے بھی کی تھی۔
یہ پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی بولی وڈ میں پہلی فلم تھی جس میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔
خیال رہے کہ ہندوستان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد فلم ساز نے ہندی میڈیم کا سیکوئل بنانے کا بھی اعلان کیا، تاہم اس فلم میں صبا قمر کی جگہ سارا علی خان مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔