ممبئی:ریلائنس جیو کے ذریعے ملک کے ٹیلی کمیونکیشن کے میدان میں انقلاب بپا کرنے والے مکیش امبانی نے آج ایک بار پھر دھمال مچاتے ہوئے دنیا کا سب سے سستا اسمارٹ فون لانچ کیا اور اسے سروس لینے والے صارفین کو مفت فراہم کا اعلان کیا۔
ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی نے یہاں منعقد ہ کمپنی کے 40 ویں اجلاس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیو کا اسمارٹ فون 1500 روپے کی ضمانت کی رقم پر صارفین کو ملے گا، جسے کمپنی تین سال بعد واپس کرے گی۔ اسمارٹ فون کے لیے ضمانت کی رقم لیے جانے کے پیچھے مسٹر امبانی نے کہا کہ مفت میں ملنے والی چیزوں کا غلط استعمال کرنے کا خطرہ زیادہ رہتا ہے ۔ اس لئے کمپنی نے ضمانت کی رقم لینے کا فیصلہ کیا۔مسٹر مکیش امبانی کے بیٹے آکاش امبانی اور بیٹی ایشا امبانی نے جیو کا اسمارٹ فون لانچ کیا۔ اس موقع پر مسٹر مکیش امبانی کی ماں کوکیلا بین امبانی اور بیوی نیتا امبانی کے علاوہ بڑی تعداد میں کمپنی کے افسران اور ملازمین موجود تھے ۔
مسٹر مکیش امبانی نے بتایا کہ کمپنی کے جیو اسمارٹ فون کو مکمل طور پر ہندوستان میں بنایا جائے گا۔ مسٹر امبانی نے بتایا کہ اگلے ماہ یوم آزادی کے موقع پر جیو فون ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔ اس کی ڈیلیوری پہلے آئیے ، پہلے پائیے کی بنیاد پر ستمبر سے شروع کی جائے گی۔ ہر ہفتے 50 لاکھ جیو فون دیے جائیں گے ، جس کے لئے بکنگ 20 اگست سے شروع ہوجائے گی۔مسٹر امبانی نے کہا کہ ریلائنس جیو نے محض 170 دن کے اندر 10 کروڑ سروس لینے سبسکرائبر بنانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر ساڑھے 12 کروڑ صارفین ریلائنس جیو کے لئے لاگ آن کر چکے ہیں۔ریلائنس کے مفت اسمارٹ فون لانے کے پیچھے دلیل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ساڑھے 12 کروڑ صارفین میں سے محض ڈھائی کروڑ ہی ایسے تھے جو 4 جی سروس سے لطف اندوز ہورہے تھے ۔ باقی 10 کروڑ صارفین کے پاس اس سروس کا استعمال کرنے کے لئے اسمارٹ فون نہیں تھا کیونکہ مارکیٹ میں سستے سے سستا اسمارٹ فون بھی تین سے ساڑھے چار ہزار روپے کا ملتا ہے۔
ریلائنس جیو کے چیئرمین نے سستا اسمارٹ فون اتارنے کے ساتھ ہی دھن دھنا دھن یوجنا کے تحت اپنے صارفین کے لئے اور بھی کئی سوغاتوں کا اعلان کیا ہے ۔ جیو اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کو لامحدود ڈیٹا کی سہولت ملے گی۔ جیو ان لمیٹیڈ دھن -دھنا دھن پلان کے تحت محض 153 روپے میں سروس د ی جائے گی۔ اس میں کال ہمیشہ مفت رہے گی۔ کمپنی 309 روپے میں کیبل ٹی وی کی سہولت بھی دے گی۔جیو اسمارٹ فون کو کسی بھی ٹیلی ویژن سے منسلک کیا جا سکے گا۔ جیو کی دھن-دھنا دھن یوجنا کے 309 روپے کا پلان لینے والے صارفین روزانہ 3 سے 4 گھنٹے ٹیلی ویژن پر من پسند ویڈیو پروگرام دیکھ سکیں گے ۔22 زبانوں کے کمانڈ کو سپورٹ کرنے والے جیو اسمارٹ فون میں ایف ایم ریڈیو، ہیڈ فون جیک، رنگ ٹونز، ٹارچ لائٹ، کمپیکٹ ڈیزائن، کال ہسٹری، ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور 4 وے نیویگیشن جیسی تمام خصوصیات ہوں گی۔ مسٹر امبانی نے کہا کہ ریلائنس جیو نے دو لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے ۔