نئی دہلی:ہندوستان نے سری لنکا میں زمین کھسکنے اور تودہ گرنے سے متاثر ہوئے لوگوں کی مدد کے لئے امدادی سامان سے بھرے دو جہاز آج وہاں کے لئے روانہ کئے ۔بحریہ کے ترجمان کیپٹن ڈي کے شرما نے یو این آئی کو بتایا کہ بحریہ کا پٹرول ویسل آئی این ایس سونینا اور سروے ویسل آئی این ایس ستلج کو کوچي سے امدادی سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا ہے ۔ارنیک کی پہاڑیوں میں منگل کو آئی اس قدرتی تباہی میں 58 لوگ مارے گئے تھے ۔ سری لنکا میں کام کرنے والی بین الاقوامی ادارہ ریڈ کراس کے مطابق تقریبا 220 خاندان اس آفت میں لاپتہ ہوئے ہیں۔ تودہ گرنے سے کم از کم تین گاؤں پوری طرح تباہ ہو چکے ہیں۔ علاقے میں بھاری بارش کے بعد مٹی کاتودہ گرنے سے یہ تباہی آئی تھی۔ اس آفت سے تقریبا ساڑھے تین لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔