نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ معاملے میں منیش سسودیا کی درخواست ضمانت پر آج سماعت کے جائے گی۔
آج سسودیا کی 5 دن کی ریمانڈ کی مدت مکمل ہو رہی ہے، جس کے بعد سی بی آئی انہیں عدالت میں پیش کرے گی۔ توقع ہے کہ سی بی آئی سسودیا کے مزید ایک ہفتے کے ریمانڈ کی درخواست کر سکتی ہے۔ جبکہ سسودیا کے وکیل انہیں ریمانڈ میں دینے کی مخالفت کریں گے۔
آپ کو بتا دیں کہ منیش سسودیا نے منگل کو سی بی آئی کے ذریعہ ان کی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔
تاہم، ان کی عرضی کو چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے خارج کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ منیش سسودیا متبادل طور پر دہلی ہائی کورٹ میں عرضی دائر کر سکتے ہیں۔
عدالت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ سپریم کورٹ سے جو ریلیف مانگ رہے ہیں، اس کے لئے انہیں نچلی عدالت یا ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ سی بی آئی نے اتوار کو کہا تھا کہ سسودیا کو اس لئے گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے سوالوں کے گول مول جواب دئے اور تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔
تحقیقاتی ایجنسی نے مزید کہا کہ موجودہ کیس سسوڈیا اور 14 دیگر کے خلاف 2021-22 کے لئے ایکسائز پالیسی تیار کرنے اور اس کے نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں اور نجی افراد کے بعد ٹینڈرنگ کے معاملے کی تحقیقات کے لئے درج کیا گیا تھا۔
چارج شیٹ 25 دسمبر 2022 کو ممبئی کی ایک نجی کمپنی کے اس وقت کے سی ای او اور 6 دیگر افراد کے خلاف دائر کی گئی تھی۔