نئی دہلی، 26 جنوری (یو این آئی) شہریت ترمیمی قانون (سی اےاے) کے خلاف شاہین باغ میں مظاہرہ کرنے والے عوام کے درمیان روہت ویمولا کی ماں رادھیکا ویمولا اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے لاپتہ طالب علم، نجیب کی ماں فاطمہ نفیس نے پرچم، ترنگا لہراکر یوم جمہوریہ 2020 کی تقریب منائی۔
مظاہرے کے منتظمین میں سے ایک حنا احمد نے یواین آئی کو بتایا کہ یوم جمہوریہ کی تقریب منانے کے لیے صبح سے ہی عوام اکٹھا ہونے لگے تھےجن میں بڑی تعداد میں خواتین اور اطفال تھے۔ کالندی کُنج مارگ پر چاروں طرف سے عوام جائے مظاہرہ پر آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے 11 بجے تک ہزاروں کی بھیڑ اکٹھا ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھوں میں ترنگا اور زباں پر قوم پرستی کے گیت ،عوام یومِ جمہوریہ کی تقریب کے جشن میں ڈوبے ہوئے تھے۔ محترمہ رادھیکا ویمولا اور محترمہ فاطمہ کے علاوہ ’دبنگ دادی‘ کے نام سے مشہور تین سب سے بزرگ خواتین نے ترنگا لہرا کرجمہوریت کو مستحکم کرنےاور آئین کی حفاظت کرنے کا حلف اٹھایا۔