علی گڑھ۔ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا و طالبات جو اپنے امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ (ری ایویلوئیشن) کے لئے درخواست دینا چاہتے ہیں وہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.amucontrollerexams.com پر جاکر آن لائن طریقہ سے رجسٹریشن کرکے درخواست دے سکتے ہیں۔
خواہشمند طلبا یونیورسٹی ویب سائٹ پر نتیجہ ڈیکلیئر ہونے کے 20؍دن کے اندر آن لائن درخواست جمع کرسکتے ہیں۔ تاہم جو طلبا یکم مارچ 2020ء کے بعد ڈیکلیئر کئے گئے امتحانی نتائج سے متعلق کاپیوں کی دوبارہ جانچ کی درخواست، کووِڈ-19 اور لاک ڈاؤن کے باعث نہیں جمع کر سکے ہیں وہ 15؍جولائی 2020ء تک درخواست دے سکتے ہیں۔ کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری نے ایک نوٹس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ طالب علم کو سب سے پہلے ویب سائٹ پر جاکر رجسٹر کرنا ہوگا اور پھر جس امتحانی پرچہ کی دوبارہ جانچ کرانی ہے اس کی تفصیل، کورس کا نام، امتحانی نتیجہ ڈیکلیئر ہونے کی تاریخ وغیرہ کو بھرنا ہوگا ۔ آن لائن درخواست کے ساتھ ہر پرچہ کے لئے 300؍روپئے فیس جمع کرنی ہوگی ۔ فیس جمع ہوتے ہی درخواست جمع ہوجاتی ہے ۔ درخواست کی ہارڈ کاپی نہیں جمع کرنی ہے۔ آن لائن فیس جمع کرنے کے بعد درخواست میں کوئی تصحیح نہیں کی جاسکتی اس لئے تفصیلات بھرتے وقت غلطی سے بچیں۔ جمع شدہ فیس کسی بھی حال میں واپس نہیں کی جائے گی۔ کنٹرولر امتحانات نے طلبا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آن لائن درخواست جمع کرنے سے قبل یونیورسٹی ویب سائٹ پر جاکر ری ایویلوئیشن کے ضابطوں کا مطالعہ کرلیں۔