حکومت پاکستان خیبر پختونخوا (کے پی) کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کے بعد دلیپ کمار نے اپنے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی درخواست کردی۔

گزشتہ دنوں صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا تھا کہ صوبائی حکومت نے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی ہے۔

ان کے مطابق دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔

بعدازاں دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر کے آبائی گھر کو خریدنے اور اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو سراہا تھا۔سائرہ بانو نے کہا تھا کہ میں صوبائی حکومت کی کوششوں میں کامیابی کی خواہش مند ہوں اور پوری اُمید کرتی ہوں کہ اس بار یہ خواب پورا ہو۔









