نئی دہلی ، 18 اپریل (یواین آئی) قومی دارالحکومت میں کورونا کے کیسزتیزی سے بڑھ رہے ہیں اور دہلی حکومت نے ایک حکمنامہ جاری کر کے ہری دوار کے کمبھ میلے سے واپس آنے والے ان تمام افراد کے لئے 14 دن کا کوارنٹائن لازمی کر دیا ہے ،
جو حال ہی میں وہاں سے واپس لوٹے ہیں دہلی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے اپنے حکمنامے میں کہا ہے کہ کمبھ میلہ سے واپس آنے والے دہلی کے شہریوں کو 14 دن تک ہوم کورنٹائن میں رہنا لازمی ہوگا اور اپنی تفصیلات دہلی حکومت کے پورٹل پر اپ لوڈ اور لنک کرنی ہوگی ۔
ڈی ڈی ایم اے نے ہفتہ کی دیر رات یہ ہدایت جاری کی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دہلی کے وہ تمام رہائشی جو ہری دوار میں کمبھ 2021 میں اشنان کر لوٹے ہیں یا جائیں گئے، انہیں اپنی ضروری تفصیلات جیسے نام ، دہلی کا پتہ ، فون نمبر ، شناختی کارڈ ، جانے اور آنے کی تاریخ دہلی سرکار کے پورٹل پر اپ لوڈ اور لنک کرنا ضروری ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ پایا جاتا ہے کہ دہلی کا کوئی بھی رہائشی ، جو کمبھ 2121 سے دہلی واپس آیا ہے ،اس نے مطلوبہ تفصیلات / معلومات اپلوڈ نہیں کی ہیں ، تو اسے سرکاری کورنٹائن بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے ضلع مجسٹریٹ اسے لوگوں کی روزانہ کی بنیاد پرٹریسنگ اور نگرانی کو یقینی بنائیں گے ۔