بولی وڈ کی پہلی سپر اسٹار اداکارہ کہلائی جانے والی ’چاندنی‘ سری دیوی 54 برس کی عمر میں 24 فروری کو مبینہ طور پر حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اچانک چل بسیں۔
ان کی اچانک موت سے جہاں بولی وڈ و ہندوستانی عوام غمزدہ ہیں، وہیں دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے کروڑوں افراد بھی اپنی پسندیدہ اداکارہ کے چل بسنے پر افسردہ ہیں۔
زندگی کے 50 سال فلم انڈسٹری کو دینے والی سری دیوی نے پہلی بار صرف 4 سال کی عمر میں بطور چائلڈ اسٹار اداکاری کی اور وہ 1969 سے 1975 تک بطور چائلڈ آرٹسٹ فلموں میں کام کرتی رہیں۔
پہلی بار سری دیوی نے تامل فلم ’موندرو موڈیچو‘ میں ایک 13 سالہ بالغ لڑکی کا کردار ادا کیا، یہ فلم 1976 میں ریلیز ہوئی اور یوں وہ 1979 تک ایک کم عمر لڑکی کا کردار ادا کرتی رہیں۔
ان کی بطور ہیروئن پہلی فلم ’سولواں ساون‘ تھی جو 1979 میں ریلیز ہوئی، جس کے بعد 1983 میں ان کی فلم ’ہمت والا‘ سامنے آئی اور پھر یہ سلسلہ 2017 تک جاری رہا۔
1980 کی دہائی میں بولی وڈ کی سب سے مہنگی اداکارہ کی حیثیت رکھنے والی سری دیوی نے 50 سال میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں نہ صرف ہندی بلکہ بھارت کی دیگر زبانوں کی فلمیں بھی شامل ہیں۔
وہ اپنے کرداروں، اداکاری، اداؤں، خوبصورتی اور ڈانس پرفارمنس سے اپنے دور کی اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بولی وڈ کی پہلی سپر اسٹار اداکارہ کہلائی جانے لگی۔
اگرچہ ان کی زیادہ تر بولی وڈ فلمیں نہ صرف اچھا بزنس کرنے میں کامیاب گئیں، بلکہ وہ آج بھی کروڑوں مداحوں کو یاد ہیں۔
تاہم سری دیوی کی چند فلمیں ایسی تھیں، جن میں ان کی اداکاری بے مثال تھی، اور وہ آج بھی ان کی بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہیں۔