ممبئی، : مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے جمعرات کو ریاستی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں لاپتہ ہورہی لڑکیوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے ۔مسٹر دانوے نے امن و امان کی صورتحال پر ریاستی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ شاہو- پھولے امبیڈکر کے ترقی پسند نظریے پر چلنے والے مہاراشٹر میں ہر روز تقریباً 70 نوعمر لڑکیاں لاپتہ ہو رہی ہیں۔
Picture Courtesy ETV
انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری سے مارچ 2023 تک ریاست سے تقریباً 5510 لڑکیاں لاپتہ ہوئی ہیں۔ ان میں سے جنوری 2023 میں 1600، فروری میں 1810 اور مارچ میں 2200 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مہاراشٹر جیسی ترقی پسند ریاست کے لیے تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کو خواتین کی حفاظت کے معاملے میں ایک سرکردہ ریاست سمجھا جاتا ہے ۔ اگر ایسی ریاست میں لڑکیاں اور خواتین محفوظ نہیں ہیں تو یہ ریاست کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور وزیر برائے خواتین و اطفال ترقی کو لکھے گئے خط میں مسٹر دانوے نے مشورہ دیا ہے کہ اس معاملے میں مناسب قدم اٹھائے جائیں اور خواتین کی حفاظت کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جانے چاہیے ۔