لکھنؤ: کورونا کے ساتھ ڈینگو-ملیریا کا خطرہ بڑھ گیا ہے، محکمہ صحت کو لوگوں کے گھروں میں مچھروں کے لاروا ملے ہیں۔ محکمہ صحت نے ایک ہفتے میں 87لوگوںکو نوٹس جاری کیا ہے۔ ڈینگو-ملیریا کی سرکاری اسپتالوں میں مفت جانچ کی سہولت ہے۔بلرامپور ، سول ، رانی لکشمی بائی اور بھاؤراؤ دیورس اسپتال میںجانچ و علاج کی سہولت ہے۔
ملیریا-ڈینگو جیسی بیماری کے سلسلہ میں محکمہ صحت نے راجدھانی کے 110وارڈوں کو 4سیکٹروں میں تقسیم کیا ہے۔ محکمہ صحت کی ملیریا یونٹ اینٹی لاروا کا چھڑکاؤ کر رہی ہے۔ ٹیم کو 87گھروںکے کولر، برتن اور گملوں میں ڈینگو-ملیریا کے لاروا ملے ہیں۔ انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ دوبارہ لاروا ملنے پر کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
بدھ کو ڈالی گنج کے منکا میشور مندر وارڈ، برولیا، راجیو گاندھی نگر اور قطب پور میں سپر وائزر شیلندر کمار پانڈے اور ان کی ٹیم نے کولروں میں مچھروںکے لاروا ملنے پر آٹھ لوگوں کو نوٹس جاری کیا ۔ سب سے زیادہ لاروا کولر، گملوں اور ٹائر وغیرہ میں پنپتے ہیں۔ گھر میں اور آس پاس پانی نہ جمع ہونے دیں، پانی جمع ہونے والی جگہ میں جلا ہوا موبل آئل یا مٹی کا تیل ڈال سکتے ہیں۔