متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان جاری مفادات کی جنگ کے مزید قرائن آشکار ہوتے جارہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے ایک سرکاری ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ خطے میں ایک نیا اتحاد بننے جارہا ہے۔ فرانس پریس نے ابوظہبی کے ایک سینئیر عہدیدار کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب نے خفیہ طریقے سے متحدہ عرب امارات پر وار کیا ہے۔
امارات کی حکومت کے اس سینئیر مشیر نے اپنا نام نہ بتائے جانے کی شرط پر فرانس پریس کو بتایا ہے کہ ہمارے پڑوسی ملک نے کئی خفیہ وار کئے ہیں، لیکن ہم صورتحال کو کنٹرول کر لیں گے۔ امارات کے حکومتی مشیر نے کہا کہ اس وقت خطے میں ایک نیا اتحاد بننے جا رہا ہے اور دو کیمپ وجود میں آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران ریاض اور ابوظہبی کے درمیان تیل کی پیداوار، اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور کورونا وائرس جیسے معاملات پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔
یمن کے تعلق سے بھی سعودی عرب نے عدن میں متحدہ عرب امارات سے وابستہ دھڑے کے خلاف حملے کے لئے “علی المحسن” کی فورسز کو سبز جھنڈی دکھا دی ہے۔