نئی دہلی ، 15 اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ ملک کی حفاظت کےلئے سرحدوں کو سڑکوں سے جوڑنا لازمی ہے اوراس سمت میں ان کی حکومت ترجیح کے ساتھ بہت تیزی سے تعمیراتی کام کررہی ہے۔
مسٹر مودی نے 74 ویں یوم آزادی پر ہفتے کو لال قلعہ کی فصیل سے ملک کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈھانچہ جاتی ترقی سے ہی ملک کی سرحدوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور اس کے لئے سخت پہاڑوں سے لے کر سمندری ساحلوں تک ڈھانچہ جاتی ترقی کی اہمیت دی جارہی ہے اور ترجیح سے سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا،’’ملک کی حفاظت میں ہمارے بارڈر اور کوسٹل انفرااسٹرکچر کی بھی بہت بڑا رول ہے۔ ہمالہ کی چوٹیاں ہوں یا بحیرہ ہند کے جزیرہ ،آج ملک میں روڈ اور انٹرنیٹ کنیٹی ویٹی کی توسیع ہورہی ہے،تیز رفتار سے توسیع ہورہی ہے ۔شمال اور وسط انڈمان میں سڑک ڈھانچے کو مضبوط کرنے کےلئے دو بڑے پل اور قومی شاہراہ چار کو چوڑا کرنے پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔‘‘
وزیراعظم نے کہا،’’آج ہمارے پڑوسی صرف وہی نہیں ہیں جن سے ہماری جغرافیائی سرحدیں ملتی ہیں بلکہ وہ بھی ہیں جن سے ہمارے دل ملتے ہیں۔جہاں رشتوں میں تال میل بڑھتا ہے،میل جول رہتا ہے ۔ہمارے پڑوسی ملکوں کے ساتھ ،چاہے وہ ہم سے زمین سے جڑے ہوں یا سمندر سے،اپنے تعلقات کو ہم تحفظ،ترقی اور بھروسے کی ساجھے داری کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پورٹ بلیئر ایئرپورٹ کچھ مہینوں میں ایک ساتھ 1200 مسافروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت کے ساتھ تیار ہوجائے گا۔