ممبئی:عروس البلاد ممبئی میں گزشتہ دوپہر شروع ہونے والی تیزہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا اور ایک مہینے میں دوسری مرتبہ ہونے والی بھاری بارش کے نتیجے میں ممبئی کا زیادہ طرح حصہ تقریباً ڈوب گیا اور شہریوں میں طوفانی بارش کی وجہ سے خوف وہراس کا ماحول نظرآرہا ہے ۔
ممبئی کی صورت حال پر صدرجمہوریہ کووند نے تشوتش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ حکومت اور لوگوں کو مل جل کرکام کرنا چاہئے تاکہ شہریوں کو راحت ملے ۔ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں بھاری بارش ہورہی ہے اور کوئنہ بندکولہا پور اورکھڑک واسلہ پونے چھلک چکے ہیں۔ شہر نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ متمول کہے جانے والے اہم ترین علاقے بھی زیرآب ہیں جبکہ شہر میں اسکول اور کالج میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ،البتہ محکمہ موسمیا ت نے ہائی الرٹ کی وارننگ واپس لے لی ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں ،
اس کے باوجود سڑکیں ویران پڑی ہیں اور رات بھرہونے والی بارش صبح 9-10بجے کے درمیان کچھ دیر کے لیے کمزورپرگئی ،لیکن صبح 11بجے سے دوبارہ تیز بارش کا آغاز ہوگیا اور بحرعرب میں مدوجزرکے سبب جنوب وسطی ،وسطی اور شمال وسطی اور شمال مغربی ممبئی کے کئی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ،رہائشی کالونیوں اور جھگی ۔جھوپڑا بستیوں میں پانی جمع ہونے سے مکینوں کو محفوظ مقامات پرپہنچایا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح تیزدھوپ کے دوران اچانک دوپہر دوبجے سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور ڈھائی بجے تا ساڑھے پانچ بجے بجلی کی چمک اور گھن گرج سے موسلادھار بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو ہائی الرٹ جاری کیا تھا ،اور آج بدھ کو ہائی الرٹ کو واپس لے لی ہے اس کے باوجود شہر میں طوفان کی افواہ پھیل چکی ہے ۔ ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو اسپائس جیٹ کے ایک طیارے کے رن وے سے پھسل جانے کی وجہ سے بند کرنا پرا جبکہ ایئرپورٹ بھی کئی جگہ سے زیرآب ہے ،متعدد انٹرنیشنل فلائٹ کو احمد آباد ،حیدرآباد ،نئی دہلی اور ناگپور کی سمت میں موڑدیا گیا ہے ۔
ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینیں چل ضروررہی ہیں ،لیکن ان کی رفتار انتہائی دھیمی ہے ۔گزشتہ شام کو بھاری بارش کے سبب 56پروازوں کو دوسرے شہروں کی سمت موڑدیا گیا ۔ نصف شب ساڑھے بارہ بجے پہلی پروام ہوائی پٹی 14سے روانہ ہوئی اور رات ڈیڑھ بجے پہلی فلائٹ لینڈ کی گئی ۔ ممبئی میں بارش کا سب سے زیادہ اثر جنوب وسطی ،شمال مغربی ،شمال مشرقی علاقوں کرلا، سانتاکروز، اندھیری ،دہیسر،کھار،ملاڈ،چمبور کے ساتھ ساتھ وڈالا ،انٹاپ ہل ،سائن اور کنگ سرکل اور دادر پر پڑا ہے ۔صبح تک تیزہواؤں کا سلسلہ جاری رہا ،لیکن دوپہر بعد ہوائیں تھم گئی ہیں ،دوپہر ساڑھے 12بجے مدوجزرکے دوران بارش میں کمی واقع ہوئی جس کے بعد شہر کی سڑکوں اور گلیوں،نالوں اور گٹروں میں جمع پانی سمندر میں بہہ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح ساڑھے پانچ بجے تک کولابہ دفتر میں 191.1ایم ایم اور سانتاکروز میں 275ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ بحرعرب اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کی وجہ سے بادل چھاگئے اور بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ممبئی کے جنوبی اور جنوب وسطی علاقوں کے ساتھ ہی مضافاتی علاقوں میں زبردست بارش ہورہی ہے اور بی ایم سی نے اپنے عملے کو چوکنا کردیا ہے تاکہ کسی ہنگامی حالت سے فوری طورپر نمٹا جاسکے ۔این ،ی آرایف کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے ۔