نارتھ ناظم آباد کے علاقے لنڈی کوتل چورنگی کے قریب واقع مسجد عثمان غنی کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے 5نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے جمعے کے باعث نمازیوں کی بہت بڑی تعداد مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے موجود تھی۔
لاشوں اور زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹرروہینہ کہنا ہے کہ حادثے میں شہید ہونے والے5نمازیوں کی میتیں جبکہ 9 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فرض کی ادائیگی کے بعد لوگ سنتیں اداکررہے تھے کہ مسجد کے برآمدے میں بنایا گیا شیڈ اچانک نیچے آگرہ۔
حادثے کے فوری بعد اہل محلہ کی بڑی تعداد مسجد میں جمع ہوگئی جس سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بھی پیش آئی تاہم بعد میں پولیس نے تمام افراد کومسجد سے باہر نکال۔
لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی ملبے کو ہٹانا شروع کردیا تھا ۔اسی دوران ڈی سی سینٹرل بھی امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لئے وہاں پہنچ گئے ۔
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ نے حادثے پر اظہارافسوس کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نےکمشنرسےرپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کوبہترعلاج معالجے کی سہولیتں فراہم کرنےکی ہدایت کردی ہے ۔