روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے مشرقی وسطیٰ کے ملک شام میں غیر متوقع دورے پر اپنے ہم منصب بشارالاسد سے ملاقات کی۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق شام کے سرکاری میڈیا اور روس کی نجی نیوز ایجنسی ‘انٹرفیکس’ کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے صدور کے مابین ملاقات دمشق میں ہوئی۔
روسی صدر کا شام کا یہ دورہ غیر متوقع تصور کیا جارہا ہے۔خبر رساں اداروں نے روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف کے حوالے سے بتایا کہ ‘بشارالاسد کے ساتھ اپنی گفتگو میں روسی صدر نے کہا کہ اب ہم اعتماد کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ شام میں ریاست اور ملک کی علاقائی سالمیت کی بحالی کی طرف ایک بہت بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے’۔
روسی ترجمان نے بتایا کہ ولادی میر پوٹن نے دمشق میں روسی عسکری پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں صدر بشارالاسد سے ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کو شام کے مختلف علاقوں کی صورتحال سے متعلق عسکری رپورٹس پیش کی گئیں۔