اپنی جابرانہ پالیسیوں اور آج کل یوکرین پر حملوں کے باعث خبروں میں رہنے والے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ذاتی زندگی کئی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔
پیوٹن نے 1983 میں لیوڈمیلا سے شادی کی تھی، 2013 میں جوڑے نے باضابطہ 30 برس کی رفاقت ٹوٹنے کا اعلان کیا تھا۔
2013 میں ’دِی رشیا 24‘ نامی ریاستی ٹیلی ویژن پر ایک مشترکہ انٹرویو کے دوران پیوٹن اور لیوڈمیلا نے اپنے رشتے کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
انٹرویو میں لیوڈمیلا کا کہنا تھا کہ وہ اور مسٹر پیوٹن اپنے بچوں سے بے حد محبت کرتے ہیں، اُن پر فخر کرتے ہیں۔پیوٹن اور لیوڈمیلا کی دو بیٹیاں ہیں لیکن کبھی انہوں نے اپنے بچوں کو عوامی طور پر تسلیم نہیں کیا، حالانکہ میڈیا آؤٹ لیٹس میں ان کی دو بیٹیوں کی تفصیل بھی سامنے آچکی ہے۔
روسی صدر کی بیٹیوں کے نام ماریہ اور کترینا ہیں۔ ماریا، سب سے بڑی، 1985 میں لینن گراڈ میں پیدا ہوئی تھیں جبکہ کیٹرینا 1986 میں جرمنی میں پیدا ہوئیں۔
پیوٹن کی بڑی بیٹی ماریہ نے کالج میں حیاتیات کی تعلیم حاصل کی اور ماسکو کے میڈیکل اسکول میں داخل ہوئیں، جبکہ کیٹرینا نے کالج میں ایشین اسٹڈیز میں تعلیم حاصل کی۔ پیوٹن کی دونوں بیٹیاں جھوٹی شناخت کے تحت یونیورسٹی میں داخل ہوئیں۔