بھوپال پارلیمان حلقے سے بی جےپی کی امیدوارسادھوی پرگیہ ٹھاکرکے مہاراشٹرکے شہید اور سینئرپولیس افسر ہیمنت کرکرے کے متعلق دئے گئے بیان پر تنازعہ شروع ہوگیا ہے۔ سادھوی پرگیا ٹھاکر کا اس سلسلے میں ایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پرجم کر وائرل ہورہاہے،جس میں وہ مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی دستے(اے ٹی ایس )کے اس وقت کے چیف اور ممبئی دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے افسر ہیمنت کرکرے کے بارے میں تذکرہ کررہی ہے ۔
پرگیہ ٹھاکرمہاراشٹر کے مالیگاؤں دھماکے معاملے میں اے ٹی ایس کی حراست میں کافی وقت رہی ہیں۔اس وقت ہیمنت کرکرے نے بھی ان سے ریمانڈ کے دوران پوچھ تاچھ کی تھی۔بدھ کو یہاں بھوپال سے بی جےپی امیدوار ہونے کےاعلان کے بعد سے ہی وہ حراست میں ان سے ہوئی پوچھ تاچھ کے سلسلے میں کافی بیان دے رہی ہیں۔اسی سلسلے میں دیر شام انہوں نے یہاں بی جےپی کارکنان کے جلسے میں کہاکہ ہیمنت کرکرے نے پوچھ تاچھ کے دوران انہیں کافی پریشان کیاتھا،اس لئے انہوں نے ان سے کہاتھا کہ’تیرا سروناش ہوگا‘‘۔
ایک دہائی سے زیادہ وقت پہلے مہاراشٹر کے مالیگاؤں بلاسٹ میں تقریباً آدھادرجن لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔اس معاملے میں مہاراشٹر کی اے ٹی ایس نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکرکومبینہ طورپرسازش کرنے کے الزام میں گرفتارکیاتھا۔وہ کئی برسوں تک وہاں کی جیل میں اے ٹی ایس کی حراست میں رہیں۔ کل ایک اورپروگرام میں انہوں نے بتایا تھا کہ کس طرح انہیں حراست کے دوران اذیتیں دی گئیں۔بری طرح مارا پیٹا گیا۔ بےحد گندی گالیاں دی گئیں۔یہ سناتے ہوئے وہ ایک پروگرام میں اپنے آنسو تک نہیں روک پائیں ۔
بھوپال پارلیمانی حلقے میں گزشتہ تین دہائی سے بی جے پی جیتتی آرہی ہے۔اس بار کانگریس نے اپنے سینئر لیڈر ریاست کے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ کو یہاں سے 23مارچ کو ہی امیدواربنادیاتھا اورانہوں نے باقائدہ تشہیری مہم بھی شروع کردی ہے۔بی جے پی نے کئی لیڈروں کے ناموں پرغور کرنے کے بعد آخر کار بدھ کو سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو امیدوار بناکر ظاہر کردیا کہ وہ ’کٹرہندوتو‘ کے نام پر یہاں سے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔