ٹی وی میزبان شبیر ابو طالب اپنی رواں سال کی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، جبکہ اس ٹرانسمیشن میں ایک مرتبہ پھر اداکار ساحر لودھی ان کا ساتھ دیتے نظر آئیں گے۔
شبیر ابو طالب کا رمضان ٹرانسمیشن کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس ٹرانسمیشن کا آغاز سحری سے ہوگا، جس کے بعد افطار ٹرانسمیشن ہوگی اور پھر گیم شو نشر کیا جائے گا‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری افطار ٹرانسمیشن کی میزبانی ساحر لودھی کریں گے، اس ٹرانسمیشن میں کئی ایونٹس ہوں گے جیسے قوالی، محفل نعت اور محفل علما، جس کے بعد حاضرین کے درمیان مقابلے ہوں گے، جس میں لوگ کئی انعامات جیت سکیں گے، جس میں ایک انعام عمرے کا ٹکٹ بھی ہے، جبکہ شو میں کئی نامور شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا‘۔
شبیر کا مزید کہنا تھا کہ ’افطار کے بعد گیم شو ہوگا، جو ساحر لودھی کے اسٹائل کا ہوگا، اس میں کئی دلچسپ کھیل کھیلے جائیں گے اور انعامات دیے جائیں گے‘۔
اس دوران شبیر ابو طالب نے اپنی ساتھی میزبان ساحر لودھی کو سراہاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ نہایت پرجوش شخصیت کے مالک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی خاصیت یہ ہے کہ وہ بےحد پرجوش ہیں، وہ اپنے شو کے دوران لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا جانتے ہیں، اور سب ہی انہیں پسند کرتے ہیں، خاص بات یہ ہے کہ وہ رمضان آنے سے قبل اپنی پوری تیاری مکمل کرلیتے ہیں‘۔