ممبئی، 16 ستمبر (یو این آئی) بالی ووڈ اداکارہ سائرہ بانو اپنی سپر ہٹ فلم پڑوسن کی دوبارہ ریلیز کے تعلق سے کافی خوش ہیں۔
سنیل دت، سائرہ بانو، محمود اور کشور کمار نے سال 1968 میں ریلیز ہونے والی محمود اور این سی سپی کی پروڈیوس کردہ فلم پڑوسن میں مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ حال ہی میں فلم پڑوسن کو دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا ہے۔ سائرہ بانو فلم کی دوبارہ ریلیز پر بہت خوش ہیں۔ سائرہ بانو نے فلم پڑوسن کے پوسٹرز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ایک لمبا چوڑا نوٹ شیئر کیا ہے۔
سائرہ بانو نے لکھا کہ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ میرے دل کے بہت قریب فلم پڑوسن دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے۔ یہ نہ صرف میری پسندیدہ فلم ہے بلکہ سنیما کی تاریخ کا انمول حصہ بھی ہے۔ میرے خیال میں نئی نسل کو یہ ضرور دیکھنا چاہیے۔
دت صاحب، محمود بھائی، کشور جی اور دیگر لوگوں کی ایک غیر معمولی کاسٹ کی بدولت یہ ایک شاندار پرفارمنس ہے۔ جب میں پڑوسن کے بارے میں سوچتی ہوں، تو خود کو خوش قسمت محسوس کرتی ہوں کہ مجھے اس بہترین فلم کا حصہ بننے کا موقع ملا،خاص طور پر اس وقت جب حالات بالکل مختلف تھے۔
اپنی شادی کے بعد، میں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر سے ایک قدم پیچھے ہٹا دیا تھا اور یہ صرف محمود بھائی کے مسلسل قائل کرنے اور مدراس میں شوٹنگ کی سہولت کے انتظامات کی وجہ سے تھا کہ میں اس پروجیکٹ میں شامل ہونے کے لئے راضی ہوپائی۔
سائرہ بانو نے لکھا، پڑوسن کی کاسٹ میں ناقابل فراموش دت صاحب (سنیل دت) شامل تھے، جنہوں نے مزاحیہ انداز میں اپنے معمول کے گلیمرس کرداروں سے ہٹ کر کردار ادا کیا اور بے مثال کشور جی نے اس تجربے کو واقعی یادگار بنا دیا۔ سیٹ پر ہنسی اور دوستی اتنی زبردست تھی کہ کئی بار ہمیں شوٹنگ روکنی پڑتی تھی کیونکہ میں ہنسی نہیں روک پاتی تھی۔