نئی دہلی۔ تبلیغی جماعت سے منسلک 8 بیرونی ارکان ابھی تک اپنے ملک واپس نہیں جا سکے ہیں۔ حالانکہ، کورونا۔ لاک ڈاون میں خلاف ورزی کرنے کے الزام سے عدالت انہیں بری کر چکی ہے۔ لیکن سبھی جماعتی افراد کے پاسپورٹ ضبط ہیں۔ بغیر پاسپورٹ کے جماعت کے افراد کیسے اپنے ملک لوٹیں گے۔
اسی کے پیش نظر ساکیت کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے۔ عدالت نے دہلی پولیس سے اس معاملے پر جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔
24 اگست کو الزام سے بری ہو چکے ہیں جماعت کے یہ ارکان
ان سبھی 8 بیرون ملک کے جماعتی افراد کو 24 اگست کو میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔ عدالت نے اب معاملہ کی سماعت کے دوران دہلی پولیس سے پوچھا ہے کہ ان غیر ملکیوں کو ان کے ملک بھیجنے کے لئے کیا پراسیس اپنایا جا رہا ہے۔ جماعتی افراد پر لاک ڈاون کے دوران حکومت ہند کے تیار کردہ رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔ حالانکہ کسی بھی غیرملکی شہری کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔ زیادہ تر غیرملکی شہریوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی تھی۔ عدالت نے اسی بنیاد پر انہیں راحت دی تھی۔