سلمان خان بالی ووڈ کی ایک ایسی شخصیت ہیں جو نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے میں یقین رکھتے ہیں ۔حال ہی میں سلمان کی نظر جس ابھرتے ہوئے فن کار پر پڑی ہے وہ حیدرآباد کے نوجوان ریپر روحان ارشد ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران سلمان خان نے ممبئی میں اپنے گھر پر محدود ہونے کے بجائے وہاں سے تقریباََ پچاس کلو میٹر دور پانویل میں اپنے فارم ہاوس پر زندگی گزارنے کو ترجیح دی ہے۔ وہیں سے انہوں نے اب تک سوشل میڈیا کے ذریعہ تین ویڈیو گانوں کا اجراء کیا ہے۔
حال ہی میں ریکارڈ کردہ پہلے دو گانوں ‘ پیار کرو نا’ حب الوطنی اور ‘ تیرے بناء’ کو عشق کے موضوع پر ترتیب دیا گیا ہے۔ جبکہ ان کے تازہ ترین تیسرے گانے ‘ بھائی بھائی ‘کا موضوع ہندو مسلم اتحاد ہے۔ اس گانے کی موسیقی معروف میوزک ڈائریکٹر ساجد واجد نے دی ہے ۔
جبکہ اس گانے کو سلمان خان اور دانش صابری نے مل کر لکھا ہے اور دوسرے دو گانوں کی طرح اسے سلمان خان نے خود اپنی آواز دی ہے لیکن اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو سلمان کے ساتھ نوجوان حیدرآبادی ریپر روحان ارشد نے بھی اپنی آواز دی ہے ۔