نئی دہلی ؛ سماج وادی پارٹی کے لیڈر نریش اگروال آج بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے۔ مسٹر اگروال نے یہاں بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر ریل پیوش گوئل کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی قومی پارٹی میں شامل ہوئے بغیر صحیح طریقہ سے ملک کی خدمت نہیں کی جا سکتی اس لئے وہ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے بہت متاثر ہیں۔
مسٹر اگروال راجیہ سبھا کے رکن ہیں اورراجیہ سبھا میں ان کی مدت اگلے ماہ مکمل ہو رہی ہے۔ ایس پی نے انہیں آئندہ انتخابات کے لئے ٹکٹ نہیں دیا بلکہ محترمہ جیا بچن کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ اس بات سےناراض ہونے والے مسٹر اگروال نے کہا کہ سماجوادی پارٹی نے ’’فلموں میں کام اور ڈانس کرنے والی‘‘ کو ان پر ترجیح دی۔ موجودہ قیادت نے اس پارٹی کو علاقائی سطح سے بھی نیچے کی پارٹی بنا دیا ہے۔ کبھی وہ کانگریس اور کبھی بہوجن سماج پارٹی سے اتحاد کر رہی ہے۔