کانپور۔(نامہ نگار)۔نوین مارکیٹ واقع سماجوادی پارٹی کے دفتر میں ضلع صدر فضل محمود ، ریاستی سکریٹری کے کے شکلا و سینئر نائب صدر شیلیندر یادو نے سابق طلبا رہنماؤں ، مہیلا سبھا کی اراکین ، ووٹنگ مراکز انچارج ونوجوانوں کے ساتھ جلسہ کیا۔جس میں طے ہوا کہ سماجوادی پارٹی بے روزگاری اور گرانی کو چناوی مدعابناکر ووٹ مانگنے کی پوری کوشش کرے گی۔ضلع صدر نے کہاکہ سماجوادی پارٹی نے نوجوانوں اور سابق طلبا رہنماؤں کی پانچ رکنی ٹیم تشکیل کی ہے جو سبھی ووٹنگ مراکز میں جائیں گے اور ووٹروں کو بڑھتی گرانی وبے روزگاری سے واقف کرانے کاکام کریں گے۔ان وجوہ سے نوجوانوں میں مایوسی اور خود کشی کے اسباب پر بھی سماجوادی پارٹی شدید فکر کااظہار کرے گی۔
ٹیم میں شامل کارکن پارلیمانی الیکشن میں بے روزگاری اور گرانی کو اہم مدعابناکر ووٹروںسے رابطہ کرے گی اور خراب حالات سے واقف کراکر تبدیلی کاپیغام دیا جائے گا۔ رہنماؤںنے کہاکہ مرکزی حکومت کارپوریٹ ٹیکس میں رعایت دے کرگرانی سے عوام کی کمر توڑ رہی ہے۔گرانی کی وجہ سے غریب کی تھالی سے ارہر کی دال چھین لی گئی ہے ،آٹا گراں اور ملاوٹ سے بیماریوںسے اسپتالوں میں مریضوں کی قطار لگی ہوئی ہے۔اس پر سماجوادی پارٹی ووٹنگ مراکز پر اپنے مستقبل کے نوجوان ووٹروں کے ساتھ مل کر عوامی بیداری مہم چلائے گی۔اس دوران ریاستی سکریٹری کے کے شکلا ، سینئر نائب صدر شیلیندر یادو، جنرل سکریٹری سنجے سنگھ بنٹی سینگر،نندن لال جیسوال، پرم ویر گمبھیر، مہیندر سنگھ،ایوب عالم،ستیہ نارائن گہروار، سنجے نشاد، سلیکھایادو، دیپیکا مشرا، انیتا ورما، دیپایادو، وندنا دیواکر،رتناسنگھ، ممتاز منصوری، راہل یادو، انل چوبے سمیت کافی تعداد میں سماجوادی پارٹی کے کارکن موجود رہے۔واضح ہوکہ کانپور شہر پارلیمانی حلقہ سے انڈیا اتحاد کے تحت یہ سیٹ کانگریس پارٹی کے کھاتے میں آئی ہے جہاں سے کانگریس پارٹی اپنے امیدوار کا نام طے کرکے الیکشن کے میدان میں اترے گی اور سماجوادی پارٹی سے کانگریس پارٹی ودیگر چھوٹی پارٹیوںکا اتحاد قائم ہوچکاہے
،سیٹوں کی تقسیم بھی کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان ہوچکی ہے ، سماجوادی پارٹی اپنے کوٹے کی ۶۳سیٹوں میں سے چھوٹی چھوٹی پارٹیاں جو انڈیا اتحاد میں شامل ہیں ان کو سیٹیں دے گی اور ایک وسیع پیمانہ پر الیکشن میں جاکر این ڈی اے اتحاد سے مقابلہ کرے گی جس کے تحت آج سماجوادی پارٹی نوین مارکیٹ دفتر میں ضلع صدر فضل محمود ،ریاستی سکریٹری کے کے شکلا اور سینئر نائب صدر شیلیندر یادونے سابق طلبا رہنماؤں ، مہیلا سبھا کی اراکین اور ووٹنگ مراکز کے انچارجوں کے ساتھ جلسہ کیا۔