پٹنہ : سمستی پور تشدد کے معاملہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی کے دو لیڈروں کو گرفتار کیا ہے اور فی الحال چھاپہ ماری کی کارروائی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی لیڈروں کے ساتھ ساتھ تقریبا 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ تاہم فی الحال پولیس اس کی تصدیق نہیں کررہی ہے۔ ضلع کے ایس پی دیپک رنجن نے صرف بتایا کہ چھاپہ ماری کی کارروائی جاری ہے۔
ادھر بی جے پی لیڈروں کی گرفتاری کی مخالفت میں روسڑا بازار بند ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں بے قصور ہیں اور پولیس جان بوجھ کر انہیں پھنسا رہی ہے۔ نیوز 18 آپ کو بتارہا ہے کہ گرفتار کئے گئے لیڈران کون ہیں اور ان کا بیک گراونڈ کیا ہے ؟۔
دنیش کمار جھا
دنیش کمار جھا فی الحال بی جے پی کسان مورچہ کے اسٹیٹ ایگزیکٹو کے رکن ہیں۔ دنیش کمار شروع سے ہی اے بی وی پی اور آر ایس ایس سے وابستہ رہے ہیں۔ دنیش نے سیاست کی شروعات وارڈ صدر سے کی تھی اور پھر پارٹی کے روسڑا نگر صدر اور سمستی پور کے بی جے پی کے ضلع نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ دنیش کی تعلیم روسڑا اور سمستی پور سے ہوئی ہے۔ وہ شروع سے ہی بی جےپی میں کافی فعال رہے ہیں۔
موہن پٹوا
موہن پٹوا فی الحال بی جے پی بنکر سیل کے اسٹیٹ ایگزیکٹو کے رکن ہیں ۔ اس سے پہلے وہ 2006 میں بی جے پی یووا مورچہ ،روسڑا نگر کے ایگزیکٹو کے رکن رہ چکے ہیں۔ موہن پٹوا شروع سے ہی اے بی وی پی اور آر ایس ایس سے وابستہ رہے ہیں۔ پٹوا روسڑا میں ہی چھوٹی موٹی تجارت کرتے ہیں اور ان کا کوئی سیاسی فیملی بیک گراونڈ نہیں ہے۔ موہن پٹوا روسڑا ضلع بناو سنگھرش سمیتی کے رکن بھی ہیں۔ (مکیش کمار ، ساتھ میں پٹنہ سے پریم رنجن)۔