اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ملت ایران کو مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے گزشتہ رات ویانا میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے کا باقاعدہ اعلان کیے جانے کے چند منٹ بعد اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان نتیجے پر پہنچ گیا،
میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں اور ایران کی صابر اور عظیم قوم کو اس عظیم کامیابی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے اس پیغام میں گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مشترکہ جامع ایکشن پلان تک پہنچنے کے لیے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے گزشتہ رات ایک مشترکہ بیان میں سولہ جنوری دو ہزار سولہ سے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع ہونے کا اعلان کیا۔ جس کے ساتھ ہی ایران پر عائد پابندیاں ختم ہو گئیں۔
ایرانی پابندیاں ختم ہونے کا عالمی خیر مقدم: بان کی مون
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔
بان کی مون نے اسے ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہ فریقین نے اس حوالے سے اپنے اپنے وعدوں کو پورا کیا۔
برطانوی وزیرِ خارجہ فلپ ہومونڈ نے اسے مسلسل ڈپلومیسی کی فتح قرار دیا۔
ایران پر عائد بین الاقومی پابندیاں اٹھا لی گئیں
فرانسیسی وزیرِ خارجہ فرانک والٹر کا کہنا تھا کہ وہ خطے کے دیگر مسائل کے حل کے لیے ایران سے ایسے ہی ’تعاون کے جذبے‘ کی اُمید کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ امن اور استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔‘
ادھر اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایران ابھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنا چاہتا ہے۔
واشنگٹن میں ایوان نمائندگان کے رپبلکن سپیکر پال رائن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے دنیا کی معروف ریاست اسے دہشت گردی کی معاونت کے طور پر استمعال کرے گی۔
امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ جوہری توانائی کے نگران ادارے آئی اے ای اے کی جانب اس بات کی تصدیق کرنا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عملدرآمد کے لیے تمام اقدامات پورے کر لیے ہیں نے پوری دنیا کو محفوظ بنا دیا ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے ویانا میں ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف کے ہمراہ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے علاقائی امن اور استحکام میں اضافہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے عالمی توانائی ایجنسی کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا اور دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے ایرانی اقدامات قابل تعریف ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ویانا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مذکورہ فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا ’ایران کے عوام کے لیے آج خوشی کا دن ہے۔‘