ورلڈ کپ 2019 میں پاک-بھارتی ٹیم کے میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں اور ثانیہ مرزا کی شیشہ پارلر میں بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، جس کے بعد اب ثانیہ مرزا اور پاکستانی اداکارہ وینا ملک کے درمیان بھی جھگڑے کا آغاز ہوگیا۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ‘ثانیہ میں تمہارے بیٹے کے لیے فکرمند ہوں، آپ اسے ایک شیشہ پارلر لے کر گئیں، کیا یہ اس کے لیے خطرناک نہیں؟ اور جہاں تک مجھے معلوم ہے اس جگہ پر صرف جنک فوڈ ملتا ہے جو ہمارے کھلاڑیوں کی صحت کے لیے مضر ہے، آپ کو بھی اس بات کا اندازہ ہوگا، کیوں کہ آپ خود ایک ماں اور کھلاڑی ہیں’۔
وینا کی اس ٹویٹ کے بعد ثانیہ مرزا نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ‘وینا میں اپنے بیٹے کو شیشہ پارلر لے کر نہیں گئی اور یہ آپ کا یا کسی اور کا مسئلہ بھی نہیں، کیوں کہ میں جانتی ہوں کہ میں جتنا اپنے بیٹے کا خیال رکھ سکتی ہوں کوئی اور نہیں رکھ سکتا، دوسری بات یہ کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ماہر غذائیت نہیں، نہ ہی ان کی ماں، پرنسپل یا ٹیچر ہوں، جسے یہ معلوم ہو کہ وہ کب سوتے ہیں، کب اٹھتے ہیں، کب کھاتے ہیں، آپ کے خیال کا شکریہ، یہ قابل معنی ہے’۔
بعدازاں وینا نے ثانیہ مرزا کو کرارا جواب دیتے ہوئے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ‘خوشی ہوئی یہ سن کر کہ آپ اپنے بیٹے کو وہاں نہیں لے کر گئیں، ویسے کیا میں نے کہیں یہ لکھا کہ آپ پاکستانی ٹیم کی ماہر غذائیت یا ماں ہیں؟ میں نے بس یہ کہا کہ آپ خود ایک کھلاڑی ہیں تو یقیناً آپ جانتی ہوں گی کہ فٹنس کھلاڑیوں کے لیے کتنی ضروری ہوتی ہے، اور آپ ایک کرکٹر کی اہلیہ بھی تو ہیں؟ آپ کو ان کی صحت کا خیال رکھنا چاہیے’۔