خبریں ہیں کہ بولی وڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی جلد ہی پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ماضی کے حالات پر ‘ہیرا منڈی’ نامی فلم پر کام کرتے دکھائی دیں گے۔سنجے لیلا بھنسالی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ‘گنگو بائی کوٹھیاواڑی’ کی تکمیل میں مصروف ہیں، ساتھ ہی وہ ‘ہیرا منڈی’ کے لیے بھی اداکارائیں کاسٹ کرنے میں مصروف ہیں۔
دلچسپ بات یہ کہ ‘ہیرا منڈی’ کی کہانی بھی ان کی آنے والی فلم ‘گنگو بائی کوٹھیاواڑی’ کی طرح جسم فروشی کے کاروبار پر مبنی ہے۔
ویب سائٹ فری پریس جرنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خبریں ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی لاہور کے ماضی اور وہاں پر ہونے والے جسم فروشی کے کاروبار پر فلم بنائیں گے۔
رپورٹ میں ایک اور نیوز ویب سائٹ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ‘ہیرا منڈی’ نامی فلم کو ممکنہ طور پر نیٹ فلیکس یا اسی طرح کی دوسری آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی مذکورہ فلم کو پروڈیوس کریں گے، جب کہ ‘ہیرا منڈی’ کی ہدایات ان کے سابق معاون ہدایت کار وبھو پوری دیں گے۔
عالیہ بھٹ کو کاسٹ کرلیا گیا، باقی اداکارائوں سے فلم کی ٹیم کے مذاکرات جاری ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام
رپورٹ کے مطابق اگرچہ فلم کی ہدایات وبھو پوری دیں گے، تاہم فلم کی کاسٹ خود سنجے لیلا بھنسالی دیکھیں گے اور انہوں نے عالیہ بھٹ کو ‘ہیرا منڈی’ کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی ‘ہیرا منڈی’ میں کام کے لیے ایشوریا رائے، مادھوری ڈکشٹ، ودیا بالن، منیشا کوئرالہ اور پرینیتی چوپڑا جیسی اداکارائوں سے بھی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ‘ہیرا منڈی’ کے لیے کتنی مرکزی اداکارائیں کاسٹ کی جائیں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کے لیے کم از کم تین مرکزی اداکارائیں کاسٹ کی جائیں گی۔
‘ہیرا منڈی’ کی کہانی لاہور میں اسی نام سے واقع علاقے میں ماضی میں ہونے والے جسم فروشی کے کاروبار کو دکھایا جائے گا۔
فلم میں تقسیم ہند سے قبل اور تقسیم کے بعد کے ابتدائی چند سال کا زمانہ دکھائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ‘ہیرا منڈی’ سے متعلق مزید معلومات سامنے آئے گی اور ممکنہ طور پر مذکورہ فلم میں کسی پاکستانی اداکار کو بھی کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔