بولی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کو آخر کار ریلیز کی تاریخ مل گئی، جس کا اعلان فلم کے ہدایت کار نے کیا۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ فلم اگلے سال کرسمس پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں رنبیر کپور، سنجے کا مرکزی کردار ادا کریں گے۔
رنبیر، سنجے دت سے کافی قریب ہیں اور ہدایت کار راجو ہیرانی کے مطابق وہ سنجے کا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال ستمبر میں کیا جائے گا۔
اس سے قبل رنبیر نے راجو کی کامیاب فلم ’پی کے‘ میں ایک مختصر کردار ادا کیا تھا جو 2014 کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی۔
رنبیر کی آخری ریلیز فلم ’تماشا‘ کو بھی شائقین کی خوب داد وصول ہوئی جس میں ان کے ہمراہ دپیکا پڈوکون نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے ہدایت کار راجو ہیرانی نے سنجے کی زندگی پر بننے والی فلم کے پراجیکٹ پر کام شروع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو 1993 کے ممبئی حملہ کیس میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر مارچ 2013 میں ہندوستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انہیں گزشتہ ماہ جیل سے باعزت بری کردیا گیا۔