سعودی عرب میں بیرونی ممالک کی گھریلو ملازماؤں کو ایئرپورٹ سے براہ راست مالکان کے گھر پہنچانے کے لئے منفرد سروس شروع کی گئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی عرب کی ریاض ایئرپورٹ کمپنی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں طیارے کا دروازہ ایک گھر میں کھلتا ہوا دکھایا گیا ہے۔
تصویر کے ساتھ تحریرہے کہ ‘اس توصلک سروس کے تحت ہم آپ کی گھریلو ملازمہ کو طیارے سے براہ راست آپ کے گھر پہنچاتے ہیں۔یہ سروس فون کے ذریعے ڈراپ کرنے کی فیس ادا کر کے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اس سروس پر عرب کے ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ملا جلا رد عمل سامنے آیاہے۔
بعض کا کہنا ہے کہ کمپنی کی یہ سروس بیرون ملک سے آنےوالےگھریلو ملازموں کو بے جا پریشانیوں سے بچاتی ہے جبکہ بعض نے اسے گھریلو ملازموں کو مصنوعات میں تبدیل کرنے کے طور پر بیان کیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹر پیغا م میں صارف نے دریافت کیا کہ ‘کیا انہیں کارگو سمجھا جائے گا؟ جبکہ ایک دوسرے صارف نے کہا کہ اس سروس کا مطلب انہیں کہیں ‘بھاگنے سے روکنا نظر آتا ہے۔
سعودی عرب میں لاکھوں گھریلو ملازم کا م کرتے ہیں،جن میں سے بہت سے بنگلہ دیش جیسے جنوبی ایشیائی ممالک سے آتے ہیں۔
تمام بیرونی ملازموں کو سعودی عرب میں داخل ہونے اور وہاں سے باہر جانے کے لیے سعودی شہری سپانسر کی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے اور ویزے کے انتظام میں چھ ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔