ریاض، 31 مئی (ژنہوا) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز ال سعود نے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خلیجی تعاون کونسل کے جمعرات کی رات مکہ میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں سعودی شاہ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی کارروائیوں نے اقوام متحدہ کے معاہدوں کی خلاف ورزی کرکے بین الاقوامی سمندری تجارت اور عالمی تیل کی فراہمی کے لئے بڑا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے شاہ نے کہاکہ ’’ہم تمام چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے ایک ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ایران دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے، اپنے کے جوہری پروگرام کے ذریعے وہ عالمی سلامتی کے لئے خطرہ پیدا کر رہا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا سعودی عرب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے انہوں نے خلیج، عرب اور تمام اسلامی ممالک سے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔