سعودی عرب میں حکام ایک خاتون ٹی وی میزبان کی جانب سے ’غیر مناسب‘ کپڑے پہن کر رپورٹنگ کرنے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
شیری الرفائی نامی ٹی وی میزبان سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد رپورٹنگ کر رہی تھیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلم بندی کرتے وقت شیری الرفائی کا عبایا تیز ہوا چلنے سے اڑ گیا اور اس کے نیچے پہنا ہوا لباس ظاہر ہو گیا۔ شیری الرفائی کا کلپ آن لائن ہو جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے naked_woman_driver_in_Riyadh کا ہیش ٹیگ استمعال کرتے ہوئے اپنے غصے کا اظہار کیا۔
دبئی کے الآن ٹی وی کے لیے کام کرنے والی مس رفائی کا موقف ہے کہ انھوں نے کوئی غلط نہیں کیا۔
خیال رہے کہ سعودی قوانین کے مطابق مسلمان خواتین کو گھر سے باہر عبایا اور سکارف پہننا لازمی ہے۔