نئی دہلی،29اگست(یواین آئی)سپریم کورٹ میں میں اجودھیا تنازعہ کی جمعرات کو پندرویں دن کی سماعت کے دوران رام جنم بھومی پنردھار سمیتی نے دلیل پیش کی کہ متنازعہ زمین مسلم فریق کو نہیں دی جاسکتی کیونکہ وہ یہ ثابت نہیں کرپایا ہے کہ بابر نے ہی مسجد بنوائی تھی۔
سمیتی کی جانب سے پیش وکیل پی این مشرا نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بینچ کے سامنے یہ دلیل پیش کی۔
مسٹر مشرا نے دلیل دی کہ یہ تو واضح ہے کہ مسجد کو مندر کے اوپر بنایا گیا تھا،کیونکہ مندرکے باقیات اس جگہ سے ملے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ مندر کو تبارہ کرکے مسجد بنائی گئی تھی۔
انہوں نے دلیل دی کہ بابر نے مسجد کی تعمیر نئی کرائی تھی اور نہ یہ وہ متنازعہ زمین کا مالک تھا۔جب وہ زمین کا مالک ہی نہیں تھا توسنی وقف بورڈ کا معاملے میں دعوی ہی نہیں بنتا۔مسلم فریق یہ ثابت نہیں کر پائے تھے کہ مسجد بابر نے بنوائی تھی۔
مسٹر مشرا نے الہ آباد ہائی کورت کے حوالے سے کہا کہ یہ ثابت نہیں ہوپایاہے کہ متنازعہ زمین پر مندر توڑ کر مسجد کی تعمیر بابر نے کرائی تھی یا اورنگ زیب نے؟
انہوں نے کہا،’’بابر متنازعہ زمین کا مالک نہیں تھا۔ایسے میں میرا کہنا ہے کہ جب کوئی ثبوت ہی نہیں ہے تو مسلم فریق کو متنازعہ زمین پر قبضہ یا حصہ داری نہیں دی جاسکتی۔
آئینی بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس ایس اے بوبڑے،جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ،جسٹس اشوک بھوشن اورجسٹس ایس عبدالنظیر شامل ہیں۔
لنچ کے بعد سماعت جاری رہے گی۔