نئی دہلی ،29جنوری (یواین آئی)مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں منگل کے روز ایک عرضی داخل کرکے اجودھیا کے متنازعہ مقام کے آس پاس کی تحویل میں لی گئی غیر متنازعہ 67ایکڑ زمین اصل مالکان کو واپس کرنے کی درخواست کی ہے ۔
عرضی میں کہاگیاہے حکومت نے 1991میں 2اعشاریہ 77ایکڑ رام جنم بھومی ۔بابری مسجد متنازعہ مقام کے آس پاس کی 67ایکڑ زمین تحویل میں لی تھی ،جواصل مالکان کے حوالے کردی جانی چاہئے ۔رام جنم بھومی ٹرسٹ نے بھی یہ زمین اصل مالکان کو واپس کرنے کی درخواست کی تھی ۔
سپریم کورٹ نے اسمعیل فاروقی معاملہ میں کہاتھا کہ حکومت دیوانی مقدمہ پر الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد متنازعہ زمین کے آس پاس کی تحویل میں لی گئی 67ایکڑ زمین واپس کرنے پر غورکرسکتی ہے ۔
سپریم کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کے لیے کوئی تاریخ مقررنہیں کی ہے ،لیکن ذرائع نے سپریم کورٹ کی رجسٹر ی کے حوالہ سے اس معاملہ پر دوہفتہ کے اندر سماعت ہونے امکان ظاہر کیاہے ۔