نئی دہلی ،22 جون (یواین آئی) سپریم کورٹ آج اڈیشہ کے شہر پوری میں تاریخی جگناتھ یاترا پر پابندی سے متعلق احکامات میں ترمیم کی درخواست پرغور کرے گا۔
مرکز کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشارمہتا نے جسٹس ارون کمار مشرا کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملہ کا خصوصی ذکر کیا اور کچھ پابندیوں کے ساتھ رتھ یاترا کی اجازت دینے کی درخواست کی۔
مسٹر مہتا نے کہا کہ یہ رتھ یاترا صدیوں پرانی ہے اور اسے روکنا درست نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں سابقہ حکم میں کچھ شرائط اور ہدایات کے ساتھ ترمیم کی جانی چاہئے ، مثال کے طور پر رتھ یاترا میں شامل ہونے کے لئے مندر میں کام کرنے والے ان لوگوں کا انتخاب کیا جانا چاہیئے جو کورونا نگیٹیو ہوں۔
اوڈیشہ حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے نے بھی مرکز کی درخواست کی حمایت کی۔ اس کے بعد جسٹس مشرا نے کہا کہ وہ تمام معاملات کی سماعت کے بعد احکامات میں ترمیم کے معاملے پر غور کریں گے۔
دریں اثنا معاملہ میں مداخلت کی کچھ درخواستیں جسٹس ایس روندر بھٹ کے سامنے چیمبر میں سماعت کے لئے درج ہیں۔