کینبرا، 21 ستمبر (یو این آئی) آسٹریلیا کے صوبے وکٹوریہ میں بدھ کو ایک اسکول بس اور ٹرک کے آمنے سامنے کی ٹکر میں 33 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسکول بس اور ٹرک کے درمیان تصادم ویسٹرن ہائی وے کے کونڈن لین کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 3.15 بجے ہوا۔ دونوں گاڑیوں میں تصادم کے بعد بس سڑک سے نیچے لڑھک گئی۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس میں لوریٹو کالج کی 27 طالبات، چار بالغ افراد اور بس ڈرائیور سوار تھے، سبھی کو اسپتال لے جایا گیا۔ ان میں سے ایک طالبہ کی حالت انتہائی نازک ہونے کے باعث اسے ایئرلفٹ کیا گیا جبکہ دیگرکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
ٹرک ڈرائیور کو بھی شدید چوٹیں آئیں اور اسے بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ لوریٹو کالج، جو 12 سال اوراس سے زیادہ عمر کی لڑکیوں کے لئے کیتھولک اسکول ہے۔ اسکول نے ایک بیان میں کہا کہ بس اسکول کے دورے کے لیے ہوائی اڈے کی طرف جارہی تھی۔
پولیس نے کہا کہ تصادم کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور تاکید کی گئی ہے کہ اگر حادثے کا کوئی گواہ ہے تو پولیس سے رابطہ کرے۔