حیدرآباد،25مئی(یواین آئی) سال 2021کے دو چاند گہن اور دو سورج گہن میں سے پہلا چاند گہن بدھ کو ہوگا۔ یہ مکمل چاند گہن ہندوستان کے صرف چند مقامات پر اس وقت نظر آئے گا جب چاند کا چھوٹاحصہ تاریک نظر آئے گا۔یہ چاند گہن شام 6.23 سے پہلے چاند نکلنے کے وقت نظر آئے گا۔
پلینٹری سوسائٹی آف انڈیا کے ڈائرکٹر این رگھونندن کمار نے بتایا کہ جنوبی امریکہ، شمالی امریکہ، ایشیا، آسٹریلیا، انتارتیکا، بحراوقیانوس اوربحرہند کا احاطہ کرنے والے علاقوں میں نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل 2.16 بجے دن مختلف مرحلوں میں شروع ہوگا اور اس کا اختتام شام 7.21 بجے ہوگا۔ہندوستان کے صرف چند مقامات پر ہی یہ چاند گہن نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکم، مغربی بنگال، اوڈیشہ کے بعض حصوں میں اس کی جھلک دیکھی جاسکے گی۔پورٹ بلیر کے عوام سب سے پہلے اس گہن کو43 منٹ کے لئے چاند کے نکلنے کے ساتھ ہی دیکھ پائیں گے۔
اگرتلہ میں (18.06) بجے، ایزوال میں (17.59) بجے، کولکتہ میں (18.15) بجے،چیروپونجی میں (18.06) بجے، کوچ بہار میں (18.18) بجے، ڈائمنڈ ہاربر میں (18.15) بجے، گوہاٹی میں (18.09) بجے، امپھال میں (17.56) بجے، ایٹا نگر میں (18.02) بجے، کوہیما میں (17.57) بجے، مالدا میں (18.21) بجے، شمالی لکھیم پور میں (18.00) بجے، پارادیپ میں (18.18) بجے، پورٹ بلیر میں (17.38)بجے، پوری میں (18.21)بجے،شیلانگ میں (18.06) بجے اور سلچر میں (18.01) بجے چاند گہن نظر آئے گا۔