پانچ یورپی ممالک نے غزہ کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں صہیونی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے پیش نظر 5 یورپی ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اگرچہ غزہ میں صہیونی مظالم کے باوجود اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل مؤثر اقدامات میں ناکام رہی ہیں، لیکن انسانی بحران کی شدت اب عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق برطانیہ، فرانس، یونان، ڈنمارک اور سلووینیا نے ایک مشترکہ درخواست میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امدادی خوراک کی ترسیل روکنے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی مندوب باربرا ووڈورڈ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاس اب غزہ کے عوام کے لیے خوراک باقی نہیں رہی۔ عام شہری، خصوصاً بچے، قحط کے سنگین خطرے سے دوچار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ سے زائد عرصہ ہوچکا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت نہیں دے رہا۔ ان حالات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانا ضروری ہے تاکہ غزہ کو درپیش بحران کا حل نکالا جاسکے۔