پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں ترال کے نادر گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے بیچ انکاونٹر جاری ہے۔ اس انکاونٹر میں ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی مشترکہ ٹیم شامل ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاؤں میں دو سے تین دہشت گرد چھپے ہوئے تھے، جن میں سے 1 کو سیکورٹی فورسز نے مقابلے میں مار گرایا۔ اس تصادم کی وجہ سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
گزشتہ 48 گھنٹوں میں یہ دوسرا بڑا انکاؤنٹر ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ سیکورٹی فورسز وادی میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے حوالے سے پوری طرح چوکس ہیں اور کسی بھی کارروائی کا سختی سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
اس سے صرف دو دن پہلے فوج اور جموں و کشمیر پولیس کو ایک بڑی کامیابی ملی جب انہوں نے ضلع شوپیان کے علاقے کیلر میں ‘آپریشن کیلر’ میں پہلگام حملے کے ماسٹر مائنڈ شاہد کٹے کو مار گرایا۔
شاہد کٹے کا تعلق دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے تھا اور وہ وادی میں کئی حملوں کی منصوبہ بندی میں سرگرم کردار ادا کر رہا تھا۔ اس تصادم میں لشکر کے کل تین دہشت گرد مارے گئے، جس سے ان کے نیٹ ورک کو کافی نقصان پہنچا۔