نئی دہلی، 27 جنوری (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے جمعرات کو کہا کہ ترنگے کو بار بار دیکھنے سے لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ بڑھے گا یہاں 115 فٹ کا ترنگا لہرانے کے بعد کجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت نے ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں شہر بھر میں 75 مقامات پر 115 فٹ کا ترنگا لہرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں پانچ سو مقامات پر ترنگا نصب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترنگا لگانے کا مقصد یہ ہے کہ جب کوئی اپنے گھر سے باہر نکلے یا دفتر جائے تو راستے میں دو تین بار ترنگا دیکھے۔ ترنگا دیکھ کر حب الوطنی کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ اسے بار بار دیکھ کر ترنگا حب الوطنی کی یاد دلائے گا اور ان لوگوں کو یاد دلائے گا جنہوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترنگا کو بلند ہوتے دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے اور امید ہے کہ ہمارا ترنگا ہمیشہ بلند رہے گا۔
اس سے قبل 115 فٹ کا ترنگا دہلی میں پانچ مقامات پر نصب کیا جا چکا ہے جس میں مشرقی قدوائی نگر، رانی باغ، مشرقی ونود نگر، کالکاجی اور دوارکا شامل ہیں۔