ممبئی، 12 مئی (یو این آئی) بیرون ملک سے ملنے ملے جلے رجحان کے دوران گھریلو سطح پر فروختگی سے بی ایس ای کا سینسیکس آج 190.10 پوائنٹس یعنی 0.60 فیصد کم ہو کر ڈھائی ہفتے کی نچلی سطح، 31,371.12 پوائنٹس پر اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 42.65 پوائنٹس یعنی 0.46 فیصد کم ہو کر 9,196.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔
شیئر بازار میں مسلسل دوسرے دن گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ایشیائی بازاروں سے ملنے والے منفی اشارات کے دباؤ میں صبح ایک وقت سینسیکس 700 پوائنٹس سے زیادہ اور تقریباً 200 پوائنٹس کی تخفیف ہوئی۔ بعد میں آئی ٹی سی، ایچ ڈی ایف سی اور این ٹی پی سی جیسی بڑئی کمپنیوں میں خریداری سے بازار کی بڑھت کافی حد تک کم ہوئی۔
یورپی بازار ہرے نشان میں کھلنے سے گھریلو سطح پر بھی بازار کو حمایت ملی۔ رائٹس ایشو سے پہلے ریلائنس انڈسٹریز کے شیئر چھ فیصد سے زیادہ کم ہوئے۔ کمپنی نے اس کے لیے 14 کو ’ریکارڈ ڈیٹ‘ طے کی ہے۔
کووِڈ۔19 کے بڑھتے کیسز کے سبب بازار میں انویسٹمینٹ سینٹیمینٹ مسلسل دوسرے دن کمزور رہا۔ اس سے درمیانے درجے کی اور چھوٹی کمپنیوں پر بھی دباؤ پڑا۔ بی ایس ای کا مڈکیپ 0.75 فیصد کم ہوکر 11,411.40 پوائنٹس پر اور اسمال کیپ 0.58 فیصد کم ہو کر 10,566.15 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سینسیکس کی کمپنیوں میں این ٹی پی سی کے شیئر میں تقریباً 6.75 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ بھارتی ایئرٹیل اور آئی ٹی سی میں چار فیصد سے زائد کا اضافہ درج کیا گیا۔