ممبئی، 23 دسمبر (یو این آئی) عالمی سطح سے مثبت اشارے ملنے کے ساتھ ہی گھریلو سطح پر آئی ٹی، ٹیک اور ٹیلی کام جیسے گروپوں میں ہونے والی زبردست خریداری کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی کا رجحان رہا آج بی ایس ای کا سنسیکس 437.49 پوائنٹس کے اضافے سے 46444.18 پر بند ہوا اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 134.80 پوائنٹس کے اضافے سے 13601.10 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بڑی کمپنیوں کے مقابلہ میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں میں زیادہ خریداری دیکھنے میں آئی، جس سے بی ایس ای کا مڈ کیپ 2.40 فیصد اضافے سے 17666.04 پر اور اسمال کیپ 2.65 فیصد اضافے سے 17572.02 پر بند ہوا۔
بی ایس ای کے تمام گروپ سبز نشان میں رہے۔ ریئلٹی میں سب سے زیادہ 3.97 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ اس کے بعد آئی ٹی میں 2.34 فیصد، ٹیک میں 2.20 فیصد اور ٹیلی کام میں 2.23 فیصد تیزی درج کی گئی۔ سب سے کم سی ڈی میں 0.15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بی ایس ای کی 3097 کمپنیوں میں کاروبار ہوا، جن میں سے 2296 کمپنیاں منافعہ میں اور 650 میں گراوٹ رہی جبکہ 151 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
عالمی سطح پر برطانیہ کے علاوہ تقریبا تمام بڑے اشاریہ جات سبز نشان میں نظر آئے۔ برطانیہ کے ایف ٹی ایس ای میں 0.09 فیصد گراوٹ درج ہوئی۔