اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون میں پیر کی رات دیر گئے ایک شدید سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 6 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں تین لڑکے اور تین لڑکیاں شامل ہیں، جبکہ ایک نوجوان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کا شکار ہونے والی کار پوری طرح سے چکناچور ہو گئی۔
معلومات کے مطابق، یہ حادثہ پیر کی رات تقریباً 2 بجے دہرادون کے او این جی سی چوراہے کے قریب پیش آیا۔ یہاں سات لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ ایک کار میں نکلے تھے جن میں سے تین لڑکے اور تین لڑکیوں کی موت ہو گئی۔ کار میں سوار تمام افراد کی عمر 25 سال سے کم ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت 19 سالہ گونیت، 23 سالہ ناویہ گوئل اور 20 سالہ کاماکشی کے طور پر ہوئی ہے، جو دہرادون کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتی تھیں۔ جبکہ حادثہ میں شکار ہونے والے لڑکوں کی شناخت 23 سالہ کنال ککریجا، 24 سالہ اتل اگروال اور 24 سالہ رشب جین کے طور پر ہوئی ہے۔ کنال کا تعلق ہماچل کے چمبا علاقے سے تھا جبکہ دیگر دہرادون کے رہائشی تھے۔
اس کے علاوہ حادثے میں جو نوجوان زخمی ہوا ہے، اس کی شناخت 25 سالہ سدھیش اگروال کے طور پر ہوئی ہے جو راجپور روڈ، دہرادون کا رہائشی ہے۔ اس کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔