شمتھرا : کل رات گووردھن علاقہ میں عقیدتمندوں کو لٹیروں نے لوٹ لیا۔مخالفت کرنے پر کچھ عقیدت مندوں کو زخمی بھی کردیا۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق پہلی واردات ہریانہ کے روہتک ضلع کے باشندہ دلباغ وسریش کے ساتھ انجام دی گئی۔
دونوں اپنے کنبوں کے ساتھ یہاں آئے ہوئے تھے۔ برسانہ روڈ پر چار موٹرسائیکل سواروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی جب وہ بھاگنے لگے تو بدمعاشوں نے ان پر گولی چلادی لیکن کسی طرح دونوں بچ گئے۔اس کے بعد لٹیروں نے سونی پت کے باشندے سے نقد رقم ،زیورات اور موبائل لوٹ لئے۔جب وہ واردات کی شکایت کرنے کے لئے کرشن کانت کے ساتھ تھانہ جارہے تھے تو راستے میں اسلحہ سے لیس بدمعاشوں نے پچھری پلیا کے قریب انہیں لوٹ لیا۔مذکورہ لوگوں نے بتایا کہ بدمعاشوں نے تین دیگر موٹرسائیکل سواروں کو بھی لوٹ لیا۔اس کے بعد اطلاع موصول ہوئی کہ بلدیو علاقہ کے نگلہ خیالی کے باشندے سشیل و جے پرکاش سے نقد رقم وکیمرہ لوٹ لیا گیا۔مسلسل لوٹ کی وارداتوں کی اطلاع ملنے کے بعد ایس ایس پی اکھلیش کمار مینا دیر رات گووردھن پہنچ گئے۔ انہوں نے تھانہ ،سی او سمیت تمام پولیس افسران کو لٹیروں کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی۔