مقبوضہ بیت القدس: غزہ میں اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجر کیمپ پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی خواتین اور بچے شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر پیر سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج چھٹے روز اس نے پناہ گزینوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہاں پناہ گزین 7 بچوں اور 2 خواتین سمیت 11 افراد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ متعدد افراد ملبے تلے بھی دب گئے جن کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
شہدا کی تعداد 137 ہوگئی ہے جن میں 36 بچے شامل ہیں۔ 920 فلسطینی زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں گھر اور رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور 10 ہزار افراد اقوام متحدہ کے مہاجر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور متعدد ممالک کے سربراہان نے اسرائیل پر حملے بند کرنے کے لیے زور دیا ہے لیکن اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل میں امن تک حملے جاری رہیں گے۔