نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن کے صدر بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کو برطرف کئے جانے کے مطالبہ پر پہلوانوں کا احتجاج تیسرے دن بھی جاری رہا۔ پہلوانوں نے برج بھوشن پر جنسی استحصال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
دریں اثنا، کانگریس نے پریس کانفرنس کے ذریعے پہلوانوں کے مسئلہ کے حوالہ سے وزیر نریندر اعظم مودی کو ہدف تنقید بنایا۔
پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر سپریہ شرینیت، مکہ باز وجندر سنگھ اور ایتھلیٹ کرشنا پونیا نے شرکت کی۔ سپریہ شرینیت نے کہا کہ برج بھوشن شرن سنگھ نہیں بلکہ وزیر اعظم خود آج کٹہرے میں ہیں۔ پھوگاٹ نے خود کہا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے ساتھ جا کر وزیر اعظم کو سب کچھ بتا دیا تھا، پھر بھی وزیر اعظم کچھ نہیں کر رہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ٹینی (مرکزی وزیر) کا معاملہ ہو یا اب برج بھوشن کا معاملہ، وزیر اعظم پرسکون ہیں اور کچھ نہیں کرتے۔
سپریا شرینیت نے کہا، ”ونیش پھوگاٹ نے اکتوبر 2021 میں وزیر اعظم نریدنر مودی کو تمام حقیقت سے آگاہ کیا تھا اور اپنی جان کو خطرہ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔ آج سوال یہ ہے کہ مودی جی نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی کیا کیا؟ خاموش کیوں رہے؟ کیا کارروائی؟ 72 گھنٹے سے زیادہ ہو گئے آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ملک کا نام روشن کرنے والی بیٹیاں جنتر منتر پر رو رہی ہوں۔ حکومت کی خاموشی کئی سوال کھڑے کرتی ہے۔ یہ کھلاڑی اپنے درد اور اذیت کو بیان کرنے اور سوال اٹھانے پر مجبور ہیں۔”
خیال رہے کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پہلوان تین دن سے احتجاج کر رہے ہیں۔ بدھ اور جمعرات کے بعد جمعہ کو بھی ملک کے تجربہ کار پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنتر منتر پہنچ کر دھرنا دیا۔ ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کو کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور پریشان کرنے کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ کچھ سینئر کوچز کو بھی ان الزامات کا سامنا ہے۔
خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے کہا تھا کہ ان کے پاس 10-12 کھلاڑیوں کے نام ہیں جن کا جنسی استحصال ہوا ہے۔ ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ وہ عدالت یا وزیر اعظم کے سامنے ان کے نام بتائیں گی۔ انشو ملک نے بھی برج بھوشن سنگھ پر الزام عائد کیا ہے۔
وہیں، برج بھوشن شرن سنگھ نے جمعہ یعنی آج شام 4 بجے پریس کانفرنس کر کے بڑا انکشاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ استعفیٰ پر انہوں نے کہا کہ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انکا کہنا ہے کہ ہریانہ کے 300 کھلاڑی حمایت میں آئے ہیں، ان کی بات بھی سنی جائے۔
اس سے قبل ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا تھا کہ جنسی استحصال کا الزام بہت بڑا الزام ہے۔ اگر یہ سچ ثابت ہوا تو وہ پھانسی کے پھندے پر لٹکنے کے لیے تیار ہیں۔ برج بھوشن شرن نے مزید کہا کہ جو کھلاڑی احتجاج کر رہے ہیں ان میں سے کوئی بھی اولمپکس نہیں جیت سکتا، اسی لیے وہ غصہ میں ہیں۔