ممبئی: انڈین پریمیئر لیگ (ا?ئی پی ایل) کے حوالے سے شاہ رخ خان ہمیشہ خبروں میں رہے ہیں اور اب اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی وجہ سے کنگ خان ایک اور مشکل میں پھنس گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے محکمہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر فرنچائز کے مالک شاہ رخ خان کو 23 جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ اس بار وہ بذات خود ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہوں۔
شاہ رخ خان کی ٹیم پر الزام ہے کہ ان کی ٹیم نے اپنے بعض شیئرز اصل قیمت سے کم میں موریشس کی ایک کمپنی کو فروخت کیے جس کی وجہ سے ملکی زرمبادلہ کو 73.6 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شاہ رخ خان، ان کی اہلیہ گوری خان، اداکارہ جوہی چاؤلہ اور دیگر کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھیجے تھے اور اس وقت بھی شاہ رخ خان ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ شاہ رخ خان اس وقت بھی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ چھٹیاں منانے کیلئے امریکا میں موجود ہیں۔ گوری خان نائٹ رائیڈرز اسپورٹس پرائیوٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ہیں جبکہ شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ اس فرنچائز کے شریک مالکان ہیں۔ نائٹ رائیڈرز پر 2011 میں یہ الزام بھی لگا تھا کہ اس نے ’’ٹیکس جنت‘‘ کہلانے والے ممالک سے غیر قانونی طریقے سے رقم وصول کی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ 2008 سے نائٹ رائیڈرز اور اس کے مالکان کے خلاف تحقیقات کررہا ہے۔