بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک تقریب کے دوران اسٹیج پر اکٹھے ہو گئے۔

میڈیا کے مطابق اس موقع پر عامر خان نے اسٹیج پر گانا بھی گایا، جبکہ شاہ رخ خان اور سلمان خان نے ان کے لیے خوشی کا اظہار کیا، تینوں خان ریاض میں منعقدہ ’جوئے فورم‘ میں شریک تھے۔
بالی ووڈ کے تینوں خانز آخری بار جام نگر میں امبانیز کی شادی کی تقریبات کے دوران مختصر وقت کے لیے نظر آئے تھے، مگر اس مرتبہ ریاض میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان ایک ساتھ اسٹیج پر نمودار ہوئے جہاں انہوں نے اپنے کیریئرز اور فلموں کے بارے میں بھی بات کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس تقریب کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جہاں سلمان، شاہ رخ اور عامر کو اسٹیج پر ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے دیکھا گیا ہے، یہ ان کے مداحوں کے لیے یادگار لمحہ تھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ اپنے پسندیدہ ستاروں کو ایک ساتھ دیکھ رہے ہیں۔








