پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی آل ٹائم ورلڈ کپ ٹیم منتخب کی، جس میں عظیم بلے باز سچن تندولکر اورہندوستان کو 2011 عالمی کپ دلانے والے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا نام شامل نہیں ہے۔ حالانکہ انہوں نے اپنی اس ٹیم میں ہندوستان کے واحد کھلاڑی کو شامل کیا ہے۔ اس ہندوستانی کھلاڑی کا نام وراٹ کوہلی ہے اوریہ باتیں حیران کرنے والی ہے۔
منگل کو آفریدی نے جو اپنی آل ٹائم ورلڈ کپ ٹیم منتخب کی ہے، اس میں پاکستان کے سب سے زیادہ پانچ کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔ وہیں آسٹریلیا کے چارکھلاڑیوں کے علاوہ جنوبی افریقہ اورہندوستان کے ایک ایک کھلاڑی کو آفریدی نے اپنی ٹیم میں منتخب کیا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی ٹیم میں سری لنکا کے کسی بھی کھلاڑی کو جگہ نہیں دی ہے۔
وراٹ کوہلی سے پیچھے رہ گئے سچن اوردھونی
شاہد آفریدی نے 6 عالمی کپ کھیلنے والے سچن تندولکرکوٹیم میں جگہ نہیں دی ہے۔ 6 عالمی کپ کا حصہ رہتے ہوئے ماسٹربلاسٹرنے 44 اننگ میں 56.95 کی اوسط سے سب سے زیادہ 2278 رن بنائے ہیں، جس میں 6 سنچری اور16 نصف سنچری شامل ہے۔ وہیں عالمی کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں تندولکرکے بعد سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پونٹنگ (1743 رن، 46 میچ) کا نام آتا ہے۔
یہی نہیں پاکستان کے عظیم آل راونڈر نے ٹیم انڈیا کو 2011 عالمی کپ دلانے والے مہندر سنگھ دھونی کو بھی ٹیم میں جگہ نہیں دی ہے۔ انہوں نے اب تک کھیلے تین عالمی کپ میں 507 رن بنائے ہیں۔ اگروراٹ کوہلی کی بات کریں تو 2011 اور2015 عالمی کپ میں انہوں نے 17 اننگ میں 41.92 کی اوسط سے 587 رن بنائے ہیں، جس میں دو سنچری اور ایک نصف سنچری اننگ شامل ہے۔