دبئی میں اتوار کو گلوبل ایجوکیشن اینڈ اِسکِلز فورم کے آخری روز دنیا کے بہترین استاد کا اعزاز جیتنے والی شخصیت کا اعلان کر دیا گیا۔ دبئی کے حکم راں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس سال کا مقابلہ اپنے نام کرنے والی کینیڈا کی خاتون استاد Maggie MacDonnell کو ایوارڈ دیا۔
دبئی میں Varkey Foundation ہر سال اس مقابلے کا اہتمام کرتی ہے جس کی انعامی رقم دس لاکھ ڈالر ہے۔ مقابلے کے انعقاد کا مقصد درس و تدریس کے شعبے کا مقام بلند کرنا ہے۔
میگی مکڈونل کینیڈا کے شمال میں برف سے گھرے ایک انتہائی دوردراز علاقے میں بطور اسکول ٹیچر کام کرتی ہیں۔ اس علاقے میں یونی ورسٹی سطح تک تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی شرح صرف 11 فی صد ہے۔
اماراتی اخبار “البیان” کو دیے گئے بیان میں میگی کا کہنا تھا کہ ” ان کے اندر موجود تخلیقی کام کی تحریک اور مثبت طرزِ فکر نے راستے کی تمام تر مشکلات کو دور کر دیا۔ ان مشکلات میں مقامی آبادی کے طلبہ کے ساتھ رابطے کا مسئلہ بھی شامل ہے۔
اس لیے کہ وہ لوگ حقیقی اسکیمو کی زبان میں بات چیت کرتے ہیں۔ ابتدا میں میگی طلبہ کے ساتھ ہاتھوں کی حرکت اور اشاروں کی زبان کے ذریعے رابطے میں رہتی تھیں تاکہ کسی طرح ان کو درپیش مسائل کو جانا جاسکے۔ وہ نوجوانوں کے لیے ایسی فضا قائم کرنے کی کوشش کرتیں جو انہیں خود اعتمادی دے سکے اور زندگی کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے وہ اپنا فیصلہ خود کر سکیں”۔